ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُڈپی: گؤ کشی کے خلاف پیجاور مٹھ سوامی کی ایک روزہ بھوک ہڑتال

اُڈپی: گؤ کشی کے خلاف پیجاور مٹھ سوامی کی ایک روزہ بھوک ہڑتال

Sun, 26 Feb 2017 21:59:49    S.O. News Service

اڈپی26؍فروری (ایس او نیوز)گؤ کشی پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے پیجاور مٹھ کے سوامی وشوا تیرتھا نے ایک روزہ علامتی بھوک ہڑتال کی۔ اس احتجاجی بھوک ہڑتال کے دوران خطاب کرتے ہوئے سوامی نے کہا کہ آج کل گائے کے باڑے تعمیر کرنے کے لئے جگہ نہیں مل رہی ہے۔ کتوں کو پالنے والے امیر لوگ گایوں کو پالناکیوں شروع نہیں کرتے۔بشمول دولتمندوں کے ہر ایک کو گائے کے تحفظ کے لئے آگے بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے سوال کیا کہ گائے کا تحفظ کرنا مرکزی حکومت سے زیادہ ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے۔آخر ریاستی حکومت گؤ کشی کے خلاف کیوں سخت اقدامات نہیں کرتی ہے؟یہ کسی مخصوص ذات یا مذہب کا مسئلہ نہیں ہے۔گائے تو بغیر کسی تفریق کے ہر کسی کو دودھ فراہم کرتی ہے ۔ اس لئے اقلیتوں کے ساتھ ساتھ سب کو مل کر گؤ کشی پرپابندی کا مطالبہ کرنے کے لئے آگے آنا چاہیے۔

پیجاور سوامی نے کہا کہ مرکزی حکومت گؤ کشی پر پابندی کے لئے پوری طرح آزاد نہیں ہے۔ اس کی کچھ حد بندیاں ہیں۔ لیکن ریاستی حکومت کوایسا قانون نافذ کرنے کا مکمل اختیار ہے۔دستور میں ترمیمات کے ذریعے یہ قانون لاگو کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ علامتی بھوک ہڑتال عوام کے اندر گؤ کشی پر پابندی کے لئے بیداری پیداکرنے کے لئے ہے۔اس طرح کا احتجاج بغیر تشدد کے جاری رہنا چاہیے۔عوام کو چاہیے کہ حکمراں پارٹی پر دباؤ بنائیں اور آئندہ ووٹ نہ دینے کی دھمکی دیں۔


Share: